ملک بھر میں 66 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 800 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 66 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید 3 ہزار 548 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 75 فیصد ہو گئی۔ سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 670 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 56 ہزار 281 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 93 ہزار 690 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 612 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 36 ہزار 921 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 56 ہزار 279 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 77 لاکھ 4 ہزار220 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک کُل 5 کروڑ 9 لاکھ 85 ہزار 184 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 30 ہزار 594 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 834 ہو گئیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 91 ہزار 297 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 823 ہو چکی ہیں۔ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار 381 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 944 ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 98 ہزار 951 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 863 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 200 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 338افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 31 ہزار 988 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 695 مریض وفات پا چکے ہیں۔ گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 870 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 173 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں