نور مقدم کے والد نے تھراپی ورکس کے ملازمین اور مالک کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نور مقدم قتل کیس میں والد شوکت مقدم نے تھراپی ورکس کے ملازمین اور مالک کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے ایڈیشنل سیشن جج کا 6 ملزمان کو ضمانت دینے کا فیصلہ چیلنج کیا ہے۔ شوکت مقدم کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے ضمانت دیتے وقت سپریم کورٹ کے طے کردہ قوانین کو نظر انداز کیا، یہ ملزمان موقع واردات پر موجود تھے۔ جبکہ ملزم امجد کے زخمی ہونے سے متعلق اسپتال میں حقائق چھپائے گئے۔ درخواست میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے ذاکر جعفر، عصمت ذاکر کی ضمانت منسوخی کے حقائق کو بھی چھپایا، ملزمان شوکت مقدم کو دھمکا رہے ہیں،ضمانت منسوخ نہ کی گئی تو درخواست گزار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شوکت مقدم نے عدالت سے استدعا کی کہ ایڈیشنل سیشن جج کافیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے 6 ملزمان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں