وزیراعظم کا ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم آفس کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو کے فائنل میں پہنچنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ہم دعاگو ہیں کہ ارشد ندیم میڈل لے کر پوڈیم پر آئیں۔ ٹوئٹ میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ قوم کی دُعاؤں اور آپ کی محنت سے کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔ اس حوالے سے ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تمام لوگ ارشد ندیم کے لیے دعا کریں۔ پاکستان اسپورٹس میں بہتری کے لیے ارشد ندیم کا میڈل لانا ضروری ہے۔ دوسری جانب ارشد ندیم کے گھر جشن کا سا سماں ہے۔  ان کے گھر دوست، رشتے دار اور محلے والے موجود ہیں اور قومی ایتھلیٹ کی کامیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ قومی ایتھلیٹ کے والد کا کہنا ہے کہ بڑی خواہش ہے کہ میرا بیٹا اولمپکس میں میڈل جیتے، ارشد نے بڑی محنت کی ہے، اللہ اسے کامیاب کرے۔ خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم آج شام 4 بجے ایکشن میں نظر آئیں گے جہاں میڈل کی دوڑ میں بھارتی حریف نیرج چوپڑا بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں