پیپلزپارٹی کا میڈیااتھارٹی بل مسترد،سرکاری ملازمین کو میڈیا کا مالک و مختاربنانامنظورنہیں،بلاول بھٹو

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے مجوزہ بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی ایک کمیٹی کو پورے میڈیا کا مالک و مختار بنا دینا کسی صورت منظور نہیں۔ بلاول ہاوَس میڈیا سیل کراچی سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ حکومت میڈیا ٹریبونل کے قیام سے خود پر تنقید کرنے والوں کی آوازوں کو دبانا چاہتی ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مجوزہ بل ملک میں آزادی صحافت کا خاتمہ کردے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی ایم ڈی اے کے قیام کی ہر صورت میں اور ہر سطح پر مخالفت کرے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل کی منظوری کے خلاف جدوجہد میں صحافی برادری کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پی ایم ڈی اے کے کالے قانون کے خلاف صحافیوں کے احتجاج میں شریک ہوگی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت اپنی ناہلی اور کرپشن کے بے نقاب ہونے کی وجہ سے میڈیا پر پابندیاں لگانا چاہتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں