کراچی میں پیر سے اسکول کھولنے کا فیصلہ

کراچی (نیوز ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی میں پیر سے اسکول کھولنے کا مشروط فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق 100فیصد ویکسینیٹڈ اسٹاف والے اسکول ہی ہفتے میں6 دن کھولے جا سکیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ  3 دن ایک شفٹ اور 3 دن دوسری شفٹ کی کلاسیں ہوں گی جبکہ محکمہ تعلیم کی کمیٹی اسکولوں کی صورتحال کا جائزہ لےگی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ والدین کو اسکول مالکان ویکسی نیشن سے متعلق آگاہی دیں گے۔ ساتھ ہی والدین ویکسی نیشن کارڈ کی کاپی بھی اسکول میں جمع کروائیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی وبا کورونا کی چوتھی لہر کے باعث حکومت سندھ نے صوبے میں اسکول تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کراچی میں  نجی اسکولوں کے طلبا کی جانب سے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے  سڑک کنارے کلاسیں لگا لی گئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں