بانیِ پاکستان کا73 واں یوم وفات، پاکستانی قوم کی قائد سے والہانہ عقیدت

اسلام آباد (نیوزٹویو) آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 73 واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔محمد علی جناح کو 1937 میں مولانا مظہرالدین نے ’قائداعظم‘ کا لقب دیا۔ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے الگ وطن ’پاکستان‘ حاصل کیا اور انگریزوں کی گرفت سے نجات پائی۔قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ اپکی  ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں اپنے آبائی شہر سے ہوا اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انگلینڈ کا رخ کیا۔ قائد اعظم نے 1896 میں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس لوٹ آئے۔ محمد علی جناح پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے۔ اور وطن واپسی کے کچھ عرصہ بعد ہی قائداعظم کا شمار برصغیر کے مایہ ناز قانون دانوں میں ہونے لگا تھا۔ برصغیر واپسی کے بعد قائداعظم نے سیاست میں باضابطہ طور پر حصہ لیا اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ کانگریس کا حصہ بننے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ یہ جماعت برصغیر کے تمام باسیوں کی نہیں بلکہ صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت جس میں مسلمانوں کے مفادات کو کوئی ترجیح حا صل نہیں ہے۔ قائداعظم نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور امید کا دامن نہ چھوڑتے ہوئےاور کانگریس کے ساتھ بھی کام کیا۔ 1920 میں کانگریس کی ہندو نواز پالیسیوں سے تنگ آکر بالآخر قائداعظم نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کر لی۔  آخری سانس تک مسلمانوں کی نمائندہ جماعت مسلم لیگ سے وابستہ رہے۔ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اسی جماعت کی زیرِسایہ  علیحدہ وطن حاصل کیا۔ قیام پاکستان کے بعد قائداعظم اس پاک وطن کے پہلے گورنر جنرل بنے اور 11 ستمبر 1948 میں وفات تک اس عہدے پر تعینات رہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح وہ شخصیت ہیں جنہوں نےنہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دِلایا بلکہ پاکستان کے لیے بہت کچھ کرنے کے خواہش مند  تھے لیکن ان کی بیماری نے ان کے تعمیری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے دیا اور مسلمانانِ ہند 11 ستمبر 1948 کو اپنے اس عظیم رہنما کی قیادت سے محروم ہوگئے۔ قائد اعظم کی وفات کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ا ن کے یوم وفات پر ہزاروں افراد کی ان کی لحد پر حاضری اور مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ پاکستانی قوم ان سے آج بھی والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں