سعودی عرب میں تعلیمی وتدریسی سرگرمیاں بحال، طلبا جسمانی قوت مدافعت کو یقینی بنانے کے لیے کورونا ویکسین ضروری لگوائیں۔ خطیبِ مسجد نبوی

سعودی عرب (ویب ڈیسک )سعودی عرب میں تعلیمی وتدریسی سرگرمیاں  بحال کر دی گئی ہیں۔جس کے بعد مسجد حرام اور مسجد نبوی خطبا نے طلبا وطالبات پر زور دیا ہے کہ وہ جلد سے جلد کورونا ویکسین لگوائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی تاخیر نہ کریں۔ مسجد حرام کے امام اور خطیب عبداللہ الجھنی نے کہا ہے کہ طلبا وزارت صحت کی طرف سے بنائے گئے قوانین، حفاظتی تدابیر، صحت کی شرائط اور ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کریں تاکہ اسکولوں میں تعلیم کے حصول کے لیے محفوظ مواقع مل سکیں۔دوسری جانب مسجد نبوی کے خطیب عبداللہ البعیجان نے  طلبا پر زور دیا کہ وہ جسمانی قوت مدافعت کو یقینی بنانے کے لیے کورونا ویکسین ضروری لگوائیں۔سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے 19 اگست کو اسکول کھولنے کے اعلان کے ساتھ طلبا کی واپسی کے لیے  12سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبا کے لیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے کی شرط عائد کی تھی۔سعودی عرب کے وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ یونیورسٹیوں، ٹیکنیکل اداروں، مڈل اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا اور طالبات کے لیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا ضروری ہیں۔ ویکسین سے نجی اور غیر ملکی اداروں کے طلبا بھی مستثنیٰ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں