شہدااورغازی قوم کا فخر اور امید ہیں ،وزیراعظم

اسلام آباد (نیوزٹویو) وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر اور امید ہیں پاکستانی مسلح افواج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی،1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی۔ پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے، بہادر افواج نے ثابت کیا وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہمارے جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرات و بہادری سے لڑے۔ انہوں نے کہا 6 ستمبر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمارے شہدا اور غازی ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ وطن کی سلامتی، جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دشمن نے کبھی بھی پر امن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا، دشمن نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک کئی جنگیں مسلط کی ہیں۔

۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں