کراچی میں کل سے 2 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کا امکان

اسلام آباد(نیوزٹویو) ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے 2 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے کہا کہ  کل تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے ۔ بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ شدت والی مون سون ہوائیں آج سندھ پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں کل سے2 اکتوبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب بھارت کی دو ریاستوں سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ’گلاب‘ کے پاکستان پر اثر انداز ہونے سے متعلق سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سائیکلون ’گلاب‘ کمزور ہو کر ڈپریشن بن چکا ہے۔ ڈپریشن بھارتی ساحل کے قریب موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپریشن کا رخ شمال مغرب میں گجرات کی جانب ہے۔ شام تک شدت مزید کم ہوکر یہ ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوجائے گا۔سردار سرفراز نے یہ بھی کہا کہ بحیرۂ عرب میں جانے کے بعد اس کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ شدت زیادہ رہی تو بلوچستان میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں