قوم اپنے محسن کو ہمیشہ یاد رکھے گی ،صدر،وزیراعظم،وزیرداخلہ سمیت تنیوں سروسز چیفس اور وفاقی وزراکا اظہار ا فسوس

 اسلام آباد (نیوزٹویو) صدرمملکت عارف علوی نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کیلئے ان کی خدمات کبھی نہیں بھولے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا تھا۔ انہوں نے جوہری تخفیف کو فروغ دینے میں ہماری بہت مدد کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ڈاکٹر خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی قوم کیلئے ہیرو تھے۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قدیر نے دفاع پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں، اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر کے درجات بلند کرے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے  اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی خدمات ان گنت ہیں، خدا انہیں غریق رحمت کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ان کی وفات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پہلے پاکستانی تھے جنہیں تین بار صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا، ملکی دفاع کیلئے ان کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر ہر دل افسردہ ہے، انہوں نے عملی طور پر پاکستان کو دفاعی طاقت بنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں