مہنگائی مارچ آگے پیچھےنہیں ہوگا،23مارچ کواسلام آبادپہنچیں گے،مولانافضل الرحمن

کراچی (نیوزٹویو) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی مارچ آگے پیچھے نہیں ہو گا 23 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے تیاریاں جاری ہیں، حکومت نے اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پر مشاورت کی نہ ہی سینیٹ ارکان کو پہلے سے آگاہ کیا گیا، صدارتی نظام آمرانہ طرز حکومت ہے اس لئے قوم کو تجربات سے نہ گزارا جائے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متنازع بل کو پہلے اسٹیئرنگ کمیٹی میں بھیجا جاتا ہے، اپوزیشن کو کبھی ٹارگٹ نہیں بنائیں گے، ہمارا ایک ہی ٹارگٹ ہے اور لانگ مارچ آگے پیچھے نہیں ہوگا، لانگ مارچ 23 کو ہی ہوگا، قوم اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اجلاسوں میں حکومتی اراکین کو بلایا نہیں جاتا ہے، کسی بھی بل سے متعلق اراکین کو پہلے بتایا جاتا ہے، اسٹیٹ بینک بل پرمشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ صدارتی طرز حکومت آمروں کا طرز حکومت ہے ، جب ملک میں آئین پاکستان ہے تو صدارتی طرز حکومت ٹھیک نہیں ، قوم کو تجربات سے نہ گزارا جائے ، ملک ٹوٹا بھی صدارتی طرز حکومت سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خود کشمیر کو بھارت کے حوالے کیا ، عالمی دنیا اس معاملے پر کچھ کرے ، کشمیری حکومت پاکستان سے توقع نہ کرے ، جے یو آئی کی جانب سے 5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یک جہتی منایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں