27فروری کواسلام آبادکارخ کرینگے،مہنگائی کا ذمہ دار عمران نیازی ہے،بلاول بھٹوزرداری

سرگودھا(نیوزٹویو)پا کستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کرچکے ہیں27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے موجودہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر تباہی مچا دی ہے مہنگائی کا ذمہ دار عمران نیازی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےیہاں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی قائد عوام شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کی پارٹی ہے اور قائد عوام نے اس جماعت کے لیے 4 اصول دیئے تھے جبکہ بے نظیر بھٹو نے ان اصولوں میں اضافہ کر کے 5 کر دیئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہماری سیاست اور مساوات ہماری معیشت ہے جبکہ ہم اس سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔ 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات حکومت اور دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ جب بھی پیپلز پارٹی نکلی ہے ہمیشہ ظالم کو نقصان ہوا ہے اور تاریخ میں لکھا جائے گا جیالے دیوار بن کر کٹھ پتلی کے آگے کھڑے تھے۔ اس حکومت نے تبدیلی کے نام پر تباہی مچا دی ہے اور ہم نے شروع سے ہی انہیں سلیکٹڈ کہا ہے۔ آپ کی ناکامی کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا۔ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا کیا بنا ؟ ان ظالموں نے تو غریب کے سر سے چھت چھین لی۔ ہم نے پچھلے ہفتے ملک بھر میں کسان مارچ کیا اور ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کسان یوریا کے بحران پر احتجاج کر رہے ہیں اور جب سے یہ ناکام حکومت آئی ہے ہماری زراعت تباہ ہو گئی ہے جو ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ہم نے ہر مشکل وقت میں ملک کو بحران سے نکالا اور ہم مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے بی آئی ایس پی پروگرام لائے تھے۔ پیپلز پارٹی نے پنشنز اور تنخواہوں میں اضافہ کیا لیکن آج عوام کے انسانی و معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔ ہم اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کرپشن پر عوام سے جھوٹ بولا گیا لیکن ہم اپنے اصولوں پر کبھی سودا نہیں کر سکتے۔ وزرا کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی ہے ہی نہیں لیکن عوام کو معلوم ہے کہ مہنگائی ہے اور اس کا ذمہ دار عمران نیازی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں