عمران خان نااہلی کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ بیٹی سے متعلق معاملے پر نااہلی کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کو کاغذات نامزدگی میں اپنی مبینہ بیٹی کو چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس عامر فاروق نے پٹیشنر شہری محمد ساجد کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔بیرسٹر حسنین علی رمضان نے کہا کہ متفرق درخواست کے ذریعے وفاق کو بھی فریق بنانا چاہتے ہیں۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وفاق کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟ آج مرکزی کیس نہیں لگا ہوا کیونکہ کاز لسٹ کینسل ہو گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنا ہو گا۔عمران خان اب پبلک آفس ہولڈر نہیں اس نکتے کو بھی دیکھ لیں۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ بتائیں کہ اس کیس کو الیکشن کمیشن کیوں نہ بھجوادیں؟عمران خان نے اپنا بیان حلفی الیکشن کمیشن کو دیا تھا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کیس بھی اسی نوعیت کا تھا، معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، ان تمام نکات پر عدالت کو مطمئن کریں، ایک تاریخ رکھ لیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں