پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رہےگا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی(نیوزٹویو) پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پائیدار امن کے قیام تک آپریشن جاری رکھیں گے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ایسی کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف کامیابی کےعزم کوتقویت دیتی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کیلئے پُرعزم ہیں، بزدلانہ کارروائیاں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کیلئے زیرو ٹالرنس کے ساتھ عزم کو مضبوط کرتی ہیں، انہوں نےتمام کمانڈروں کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر فوکس جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو درپیش خطرات، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر بریفنگ دی گئی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ توڑنے سمیت لائن آف کنٹرول اوردہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کو تبدیل کرنے کا بھی نوٹس لیا گیا۔ عسکری قیادت نے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی مکمل حمایت کےعزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں