آئیسکو کے افسران اور ملازمین کا اسلام آباد میں جعلی میٹرز لگا کر ماہانہ کروڑوں کی بجلی چوری کرنے کے سکینڈل کاانکشاف

اسلام آباد(نیوزٹویو)آئیسکو میں جعلی میٹرز کی تنصیب کے ذریعے ماہانہ کروڑوں روپے کی بجلی چوری کے بڑے سکینڈل کا ا نکشاف ہوا ہے وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بجلی کے جعلی میٹرز لگانے والے افسران و ملازمین کے خلاف بھرپور طریقے سے متحرک ہو گیا ہے۔ ایف آئی اے نے اس ضمن میں باقاعدہ مقد مہ بھی درج کر لیا ہے۔ اسلام آباد کو بجلی فراہم کرنے کے ذمہ دار ادارے آئیسکو کے افسران  و ملازمین جعلی میٹرز لگانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے بجلی کے سینکڑوں جعلی میٹرز کی تنصیب کے الزام میں 7 ملازمین کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا ہے۔ابتدائی طور پر 89 جعلی میٹرز کے خلاف تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں ابتدائی تحقیقات میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ بجلی کے جعلی میٹرز کی تنصیب میں ایس ڈی اوز لیول کے افسران سمیت لائن سپرٹنڈنٹ تک شامل ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تحقیق میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ جعلی میٹرز کے ذریعے گزشتہ چار سالوں سے بجلی چوری کی جا رہی تھی جعلی میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے کی جانے والی تفتیش میں ایف آئی اے کو معلوم ہوا ہے کہ ایس ڈی اوز لیول کے افسران تک نے اپنے ذاتی گھروں پہ جعلی میٹرز لگوائے ہوئے تھے۔ایف آئی اے کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جعلی میٹرز کی تنصیب کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئیسکو کے اسٹورز سے نکالے جانے والے میٹرز غیر قانونی جگہوں پر لگتے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں