آئی سی سی نےسری لنکن کرکٹ کی رکنیت معطل کردی

دبئی(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے سیاسی مداخلت کےباعث سری لنکن کرکٹ کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی ہے۔ جمعہ کو آئی سی سی بورڈ نے میٹنگ کی اور اس بات کا تعین کیا کہ سری لنکا کرکٹ بطور رکن اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے حوالے سے سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکن بورڈ خاص طور اپنے امور کو خود مختار طریقے سے چلانے کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی بھی یقینی نہ بنا سکا کہ سری لنکا میں کرکٹ کی گورننس، ریگولیشن اور/یا انتظامی امور میں کسی قسم کی حکومتی مداخلت نہ ہو۔
بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بورڈ معطلی کے حوالے سے شرائط کا تعین مناسب وقت پر کرے گا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل سری لنکا کے وزیر کھیل روشن راناسنگھے نے بھارت سے بدترین شکست کے چند روز بعد پورے کرکٹ بورڈ کو فارغ کر دیا تھا۔
روشن رانا سنگھے نے 1996 میں ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ارجنا راناٹنگا کو بورڈ کا عبوری چیئرمین مقرر کرتے ہوئے سری لنکا کرکٹ کے لیے 17رکنی عبوری کمیٹی قائم کردی تھی جس میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج اور بورڈ کے سابق صدر بھی شامل ہیں۔
تاہم 7 نومبر کو سری لنکا کی عدالت نے وزیر کھیل کا بحران زدہ کرکٹ بورڈ کی معطلی کا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے برطرف کیے گئے تمام عہدیداروں کو بحال کردیا تھا۔
عدالت نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا کی جانب سے وزیر کھیل روشن راناسنگھے کے بورڈ کے تمام عہدیداروں کومعطل کرکے عبوری کمیٹی بنانے کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواست منظور کرتے ہوئے بورڈ کو آئندہ سماعت تک دو ہفتوں کی مدت کے لیے بحال کردیا تھا۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی میزبان ملک بھارت کے ہاتھوں 302 رنز کی بدترین شکست کے بعد روشن راناسنگھے نے بورڈ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں