آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی ہم منصب جنرل فیاض کی ملاقات

راولپنڈی(نیوزٹویو)پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے سعودی عرب ہم منصب جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی اور ان سےباہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  جمعہ کوجنرل فیاض بن حمید الرویلی اور ان کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، دفاع اور سلامتی کے معاملات سمیت دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل وفد نے آج جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ رواں ماہ کے شروع میں آرمی چیف نے کاروباری برادری کو شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی جس کا مقصد زمین کی فراہمی اور برآمدات کو یقینی بنا کر زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں