آصف زرداری کی عمران خان کی فوج کے خلاف مہم چلا نے کی مذمت

اسلام آباد(نیوزٹویو) سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے  قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش اور ملکی سلامتی کے لیےخطرناک ہے۔ اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے۔ اس مہم کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا۔ پاک فوج پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہے،آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی پاک فوج کی ذمہ داری ہے،ہاک فوج کو متنازع بنانے کی کوشش ملک سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔

آصف علی زداری نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کے ہاتھوں ایک آئینی عمل کے ذریعے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکا ہے، وہ شخص اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے، قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، جن میں سزا سے بچنے کے لئے وہ قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پی پی رہنما آصف علی زرداری نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں عمران نیازی تمام حدیں پار کرتا ہوا جس نہج پر جا رہا ہے وہ ملک کو ایک مرتبہ پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے، سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلوانے کے علاوہ عمران خود جلسوں میں جھوٹ پر مبنی سازشی بیانیے کے ذریعے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے، کرسی کی خاطر نفرت پھیلا کر نہ صرف پاکستان کا نقصان کر رہا ہے بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کر رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران کی انہی حرکتوں کی وجہ سے پچھلے پونے چار سال میں ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب گیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان آئین کو پامال کرنے پر بھی تلا ہوا ہے،عمران نیازی خود میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے ہیں اور وہ پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی ناکام کوشش میں لگا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں