آل پاکستان انجمن تاجران کا 29ستمبرکو پی او ایس ڈیوائس کۓخلاف ایف بی آرکے گھیراؤ کا اعلان

 اسلام آباد(نیوزٹویو) آل پاکستان انجمن تاجران نے پی او ایس پر ڈیوائس کی تنصیب کے خلاف 29 ستمبر کو ایف بی آر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ پا کستان فرنیچر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ رقبے کی بنیاد پر سیل ٹیکس رجسٹریشن پر بھرپور مزاحمت کریں گےاسلام آباد فرنیچر ایسوسی ایشن کے تاجر احتجاج میں بھرپور حصہ لیں گے سوموار کواسلام آباد فرنیچر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تاجروں کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر فرحان خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری خالد چوہدری، چیئرمین پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن زاہد حسین، صدر تاج عباسی بھی موجود تھے۔ فرنیچر کا کاروبار کرنے والوں کی کثیر تعداد اجلاس میں موجود تھی۔ بعد ازاں شرکاء نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور مطالبات کے حق میں نعرے لگائے جبکہ ایف بی آر کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ مظاہرین نے اس عظم کا اظہار کیا کہ 29 ستمبر کو تمام تاجر ایف بی آر کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ پوائنٹ آف سیلز پر ڈیوائس لگانے کے فیصلے کو قطعی طور پر تسلیم نہیں کرتے کیونکہ تاجر سمجھتے ہیں کہ ان کا ڈیٹا کہیں اور بھیجا جا رہا ہے۔ ابھی تک جن اداروں میں پی او ایس پر ڈیوائس لگیں ان کی سیلز میں 30فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے۔ کورونا اور لاک ڈائون نے پہلے ہی کاروبار تباہ کردیئے ہیں اب ایف بی آر بچے کھچے کاروبار کو ختم کرنے پر تلا ہےفرنیچر کے کاروبار کو رقبہ کی بنیاد پر سیل ٹیکس میں رجسٹرڈ کرنا سخت زیادتی ہے دو ہزار مربع فٹ پر فرنیچر کے چار سیٹ ڈسپلے نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے تمام تاجر نمائندوں سے کہا کہ 29 ستمبر کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ایف بی آر کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں۔پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے صدر تاج عباسی اور چیئرمین زاہد حسین نے کہا کہ 29 ستمبر کو ایف بی آر کا گھیراؤ کریں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی۔  تاجر پی او ایس لگانے کی بھرپور مزاحمت کریں گے اور آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل نہیں کرنے دیں گے۔ گولڑہ روڈ فرنیچر ایسوسی ایشن کے صدر فرحان خان نے کہا کہ 29 ستمبر کو بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا یہ تاجروں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ایف بی آر فوری طور پر اپنے رویے میں تبدیلی لائے اور پی او ایس کی تنصیب کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں