ابھی تک کسی حلقے نےالیکشن ملتوی کرنےکا اشارہ نہیں دیا،نگران وزیراطلاعات

اسلام آباد(نیوزٹویو) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اب تک کسی حلقے کی طرف سے انتخابات ملتوی کرنے کا اشارہ نہیں ملا پا رلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی حلقے کی جانب سے ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جس میں واضح پیغام ہو کہ انتخابات نہیں ہونے چاہئیں جبکہ الیکشن کے التوا یا انعقاد کا آئینی اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔
ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ایوان بالا میں الیکشن کے التوا کی قرارداد میں دلائل دینے کا موقع نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یا کابینہ کی طرف سے الیکشن کی تاخیر کے حوالے سے کوئی حکم موجود نہیں تھا، اس لیے اس طرح کی قرارداد کی حمایت کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں تھا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کرانا، الیکشن کی تاریخ دینا یا تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، ہم کسی آئینی ادارے کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ قرارداد کے اندر جو مسائل بیان کیے گئے وہ حقیقی مسائل ہیں لیکن پاکستان کی پارلیمانی سیاست اور انتخابات کی تاریخ میں یہ مسائل پہلے بھی رہے ہیں، سیکیورٹی کی فراہمی سمیت موسم اور دیگر مسائل کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب تک کسی حلقے کی طرف سے ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جس میں واضح پیغام ہو کہ انتخابات نہیں ہونے چاہئیں، جبکہ الیکشن کے التوا یا انعقاد کا آئینی اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں