اسرائیلی بمباری سے فلسطینی شہداکی تعداد 11ہزارسے تجاوز،ہسپتالوں میں ایندھن ختم ،ترکی کی علاج کی پیشکش

غزہ(ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے معصوم فلسطینیوں کی تعدادگیارہ ہزارسے زائد ہوگئی غزہ پٹی کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 5 ہفتوں کے دوران 11 ہزار 78 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 4 ہزار 506 بچے بھی شامل ہیں اور ان کارروائیوں میں زخمیوں کی تعداد 27 ہزار 490 ہوگئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ میں 4 ہسپتالوں کا تمام اطراف سے گھیراؤ کرلیا ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ مذکورہ ہسپتالوں میں الرانتیسی ہسپتال، النصر ہسپتال، گورنمنٹ آئی ہسپتال اور مینٹل ہیلتھ ہسپتال شامل ہیں۔
وزارت صحت نے تصدیق کی کہ ہزاروں مریض، طبی عملہ اور بے گھر افراد بغیر پانی اور کھانے کے ہسپتالوں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
غزہ میں بچوں کے ہسپتال الرنتیسی میں جنریٹرز کے لیے ایندھن ختم ہونے کے بعد سروسز معطل ہو گئی ہیں، جس کے سبب گردے کی بیماروں میں مبتلا 38 بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدری نے بچوں کے ہسپتال الرنتیسی میں ایندھن کی قلت کے سبب تمام طبی خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ چھوٹے جنریٹرز کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی نگہداشت اور شعبہ نرسری بدستور آپریشنل رہیں گے۔
فلسطینی وزیر صحت مائی الکائیلہ نے بتایا کہ اس کا مطلب ہے کہ ہم آج سے تمام زخمیوں بشمول بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کا علاج نہیں کرسکیں گے، جبکہ کینسر کے مریضوں کو ادویات یا کیموتھراپی نہیں ہوسکے گی، اس کے علاوہ گردے کے مریضوں کے ڈائلیسز بھی نہیں ہوں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ نے زخمی فلسطینیوں اور دائمی بیماریوں میں مبتلا غزہ کے مریضوں کو علاج کی فراہم کے لیے اپنے ہسپتالوں میں لے جانے کے لیے ضروری تیاری کر لی ہے۔ازبکستان کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کرےگا تاکہ زخمی فلسطینیوں کو غزہ سے نکالا جا سکے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے محصور غزہ پٹی میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کو ان کی اپنی زمین سے بے دخل کرنے کا عمل فوری طور پر روک دینا چاہیے۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ سعودی افریقن سربراہی اجلاس کے افتتاح کے دوران محمد بن سلمان نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں کیونکہ گزشتہ ماہ حماس کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد سے وہ خود کو مزید تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ وولکر ترک نے اردن کے دارالحکومت عمان میں صحافیوں کو بتایا کہ میں فوری طور پر اسرائیلی حکام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں جو روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی فورسز اور آباد کاروں کے تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں