اسرائیلی فوج کی معصوم نہتےشہریوں پر وحشیانہ بمباری جاری،مزید126فلسطینی شہید

غزہ(ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کی غزہ کے رہائشی علاقوں میں معصوم شہریوں پروحشیانہ بمباری سے مزید 126 فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونےوالے فلسطینیوں کی تعداد 23ہزار سے تجاوز کرگئی ہےغیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے وسطی اور جنوبی غزہ پر شدید حملے جاری ہیں،گزشتہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں مزید 126 فلسطینی شہید اور 241 زخمی ہوگئے۔
ادھر مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، فائرنگ کے نتیجے میں 4 نوجوانوں کو قتل کیا اور پھر زمین پر پڑے نوجوانوں پر گاڑیاں چڑھا دیں۔اس کے علاوہ طولکرم میں اسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فوج پر وار کرتے ہوئے اسرائیلی ٹینک تباہ کر دیا اور مزید 9 اسرائیلی فوجی ہلاک کر دیے۔7 اکتوبر سے زمینی آپریشن میں اب تک ہلاک اسرائیلی فوجیو ں کی تعداد 180 سے تجاوز کرگئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں اب تک کی سب سے بڑی اسلحہ ساز فیکٹری پکڑنے اور حماس کے 40 ارکان شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 3 ارکان شہید کر دیے جبکہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے لبنان میں حزب اللہ کمانڈر وسام الطویل کے قتل کی ذمے داری بھی قبول کرلی ہے۔
ادھر مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن نے نیتن یاہو پر غزہ میں شہریوں کا جانی نقصان کم کرنے، خطے میں پائیدار امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔اقوام متحدہ کا کہناہے غزہ قحط کی طرف بڑھ رہا ہے، پناہ گاہوں میں جگہ نہیں رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں