اسلام آباد میں موسلادھار بارش،نشیبی علاقے زیرآب،سی ڈی اے انتظامیہ متحرک

اسلام آباد (نیوزٹویو)چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر ہفتہ کے روز اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے دوران سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث کھڑے ہونے والے پانی کی شکایات کو بروقت ریسپونڈ کرنے کے ساتھ ساتھ شاہراہوں پر جمع ہونے والے پانی کو بھی کلئیر کیا گیا.

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی ہیلپ لائن پر مختلف مقامات سے پانی جمع ہونے کی شکایات کے بروقت ازالے کو ممکن بنایا گیا تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے.

مزید برآں سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر تیز بارش کے باعث شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لئے بھی متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے دوچار نہ ہونہ پڑے.

علاوہ ازیں سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی مشترکہ ٹیمیں سی ڈی اے کے سیکٹوریل ایریاز، ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت نان سیکٹوریل ایریاز اور دیگر علاقوں کے نشیبی مقامات میں بھی متحرک رہیں اور ضرورت پڑنے پر گھروں سمیت نشیبی علاقوں سے ڈی واٹرنگ پمپس کے زریعے نکاسی آب میں لوگوں کی مدد کی گئی.

واضح رہے بارشوں کے پیش نظر متعلقہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں. اسی طرح متعلقہ عملے کی مختلف اوقات میں ڈیوٹیاں بھی تقسیم کردی گئیں ہیں. جبکہ نشیبی علاقوں کی سخت نگرانی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں