اسٹاک ایکسچینج میں‌تیزی کاسلسلہ جاری،100انڈیکس 55ہزار کی نفسیاتی حدپارکرگیا

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان اسٹاک ایکسچینج جمعہ کوبینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 55 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا۔ پی ایس ایکس میں دن بھر میں تیزی کا رجحان رہا تاہم کاروباری دن کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 129.94 پوائنٹس یا 2.08 فیصد اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر 55 ہزار 391.36 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز 54 ہزار 261.42 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 بج کر 45 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 805 پوائنٹس یا 1.48 فیصد اضافے کے بعد 55 ہزار 66 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
اس کے بعد تقریباً 12 بجے انڈیکس ایک ہزار 94 پوائنٹس یا 2.02 فیصد تک بڑھ گیا۔بعدازاں، اضافے کا رجحان جاری رہا اور 3 بج کر 10 منٹ پر انڈیکس ایک ہزار 220 پوائنٹس یا 2.25 فیصد بڑھنے کے بعد 55 ہزار 482 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ گزشتہ روز 54 ہزار 261 پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامی کے سبب کے ایس ای-100 انڈیکس 55 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔لیکن کے ایس ای 30 انڈیکس 18 ہزار 500 پوائنٹس پر ہے، جو بُلند ترین سطح سے اب بھی 34 فیصد نیچے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں