افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید

راولپنڈی(نیوزٹویو) پا کستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بدھ کونیٹو کے سینئر سول نمائندہ اسٹیفانو پونتیکورو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں خطے میں امن استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیٹو نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، نیٹو نمائندے نے کامیاب انخلاء آپریشنز اور خطے کے استحکام کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، نیٹو نمائندے نے تمام ایشوز پر پاکستان اور افغانستان سے نیٹو ممالک کے روابط و تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیٹو سینئر سول نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلاء آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کاوشیں قابل قدر ہیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ افغانستان پر تعاون میں وسعت لائی جائے گی۔ اسلام آباد کے ساتھ تمام دوطرفہ امور پر نیٹو ممالک ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں