افغانستان میں خانہ جنگی نہیں چاہتے، چاہتے ہیں افغانستان کے لوگ زندہ رہیں ترقی کریں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (نیوزٹویو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان سے متعلق پاکستان کی پوزیشن واضح ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات کےذریعے سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی نہیں دیکھنا چاہتے ، چاہتے ہیں افغانستان کے لوگ زندہ رہیں اور ترقی کریں ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود نے کہا کہ افغان وفد سے اچھی نشست رہی ۔ وزیراعظم نے آج نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا ہے۔ آج اجلاس میں افغانستان سے متعلق صورتحال پر غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کے وزیرخارجہ سے بات ہوئی ہے، ڈنمارک کے وزیرخارجہ اپنے لوگوں کا افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔ ڈنمارک کے لوگوں کا افغانستان سے محفوظ انخلا ہوچکا ہے۔ افغانستان سے لوگوں کے انخلا میں مدد کر رہے ہیں۔ افغانستان سے محفوظ انخلا میں پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان کے لوگوں میں خوف اور تشویش میں ٹھہراؤ آئے۔ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، مناسب راستہ مذاکرات ہی ہے۔ دوسری جانب کابل میں ایئر پورٹ پر ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے کی گئی امریکی فوج کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق افراتفری کے بعد کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے اور تمام کمرشل پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں