الحمدللہ، ‘وائٹ لسٹ’ کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد(نیوزٹویو)  فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پا کستان سے متعلق تمام شرائط پوری کرنے کے بیان کا وزیراعظم شہباز شریف نےخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ لسٹ کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ ہفتہ کو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فیٹف کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور  قوم کو مبارکبادی ہے وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ، ‘وائٹ لسٹ’ کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، تمام حکومتی اداروں، شخصیات اور متعلقہ ٹیم کو مبارک دیتا ہوں۔ آپ سب کی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں۔ وزیراعظم نے وزیر مملکت حناربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا

انہوں نے کہا ہے کہ  فیٹف سے متعلق تشکیل کردہ ‘بنیادی سیل’ اس میں شامل فوجی اور سول قیادت اور ٹیم  کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، یہ کریڈٹ انہیں جاتا ہے جو مسلسل اس قومی کاوش کے لئے کام کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے۔  ایسی مزید خوشخبریاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی۔ وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی سے معاشی و اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اسی جذبے سے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں