الیکشن اختلافات میں‌شہدا کو گھسیٹنا انتہائی گھٹیا عمل ہے،شہدا ہمارے محسن ہیں،وزیردفاع

سیالکوٹ(نیوزٹویو)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قربانی دینے والے ہمارے محسن ہیں۔ الیکشن میں اختلافات پرشہداء کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں میر علی میں دہشت گرد واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے اتحاد ضروری ہے۔ کل لیفٹیننٹ کرنل، کیپٹن اور ہمارے جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف قربانی دینے والے ہمارے محسن ہیں۔
خواجہ آصف نےکہا کہ شہداء کے خلاف ایک سیاسی جماعت نےسوشل میڈیا پرمہم چلائی، ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں ہوسکتی ہے۔ آج اگر ملک قائم ہے تو ان شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں اختلافات پرشہداء کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے، یہ سیاسی جماعت اپنی شناخت کھوچکی، آج یہ بے نام پارٹی ہے، ناجانے کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے،کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔
خواجہ آصف نے تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ملک کی خیر مانگنے کے بجائے یہ اسے بد دعائیں دیتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں