الیکشن کمیشن کاانتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری،عدلیہ،فوج کےخلاف بات نہیں ہوگی

اسلام آباد(نیوزٹویو) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد مئی میں ہونےوالےانتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں عدلیہ اور افواج پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گی،الیکشن کمیشن کی کسی بھی شکل میں تضحیک سے اجتناب کیا جائے گا، پولنگ ڈے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے گا، کسی بھی امیدوار کو رشوت سے دستبردار کروانے سے گریز کیا جائے گا، عام نشستوں کیلئے خواتین کو 5 فیصد نمائندگی دینی ہو گی۔

سیاسی جماعتوں کو پابند کیا گیا ہے کہ امیدوار انتخابی اخراجات کیلئے مخصوص اکاؤنٹ کھلوانے کا مجاز ہوگا، جلسے، جلوسوں میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہو گی، صدر، وزیر اعظم سمیت وزراء حلقے میں سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے، الیکشن کمیشن کے منظور کردہ سائز کے بینرز، پوسٹرز اور پینافلکس استعمال کئے جائیں گے، کوئی بھی مخالف سیاسی جماعت کے بینرز نہیں اتارے گا۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق جلسے سے قبل انتظامیہ سے اجازت لازم ہو گی، انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر پابندی ہوگی، پولنگ ڈے پر پولنگ سٹیشن کے 400 میٹر کے اندر انتخابی مہم نہیں چلائی جا سکتی، پولنگ سٹیشن کے اندر سیاسی جھنڈے یا بینرز کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں