آرمی چیف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

راولپنڈی (نیوزٹویو) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کےامورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسعودی عرب پہنچے تو شاہی محل میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سربراہ پاک فوج کا خیرمقدم کیا، اس موقع پر سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی موجود تھے۔۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عسکری ودفاعی تعاون، علاقائی اورعالمی مسائل پربات بھی ہوئی۔
سعودی ولی عہد وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اورپاکستان کے تاریخی، برادرانہ اورمضبوط تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
ولی عہد نے دوطرفہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے اور وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعوی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرنے پاکستان کیلئے پُرتپاک جذبات اورحمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف کی نائب وزیردفاع انجینئرطلال عبداللہ ال عتیبی او رسعودی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں، جس میں علاقائی امن و سلامتی، دوطرفہ دفاع اور سیکورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں