آریان خان کے اپنی سالگرہ پر بھی این سی بی آفس کے چکر

ممبئی(نیوز ویب) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنی 24ویں سالگرہ کے موقع پر بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے آفس پہنچ گئے۔ آریان خان آج اپنی 24ویں سالگرہ منارہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ آج ممبئی ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے آفس میں پیش ہوئے جہاں اُن سے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں پوچھ گچھ کی گئی۔این سی بی آفس پیش ہونے کی آریان خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں پہلے اُنہیں آفس کے اندر جاتے ہوئے دِکھایا گیا ہے اور پھر اُنہیں واپس اپنے گھر منّت بھی جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔دوسری جانب شاہ رخ خان کے بہت سے مداحوں کو اس بات پر دُکھ ہوا کہ آریان خان کو اپنی سالگرہ پر بھی این سی بی آفس جانا پڑا۔خیال رہے کہ ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں۔ آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا۔ اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں