اہم تعیناتی پر ایک دو دن میں ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی،خواجہ آصف

اسلام آباد(نیوزٹویو)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ اہم تعیناتی پر ایک دو دن میں ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اہم تعیناتی پر قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں اور اس حوالے سے اتحادیوں سمیت کابینہ کو مکمل اعتماد میں لیا جائے گا۔صحافی نے سوال کیا کہ آرٹیکل 243 میں تو اعتماد کا نہیں لکھا؟ اس پر وزیر دفاع نے کہا کہ مجھے اتنے آرٹیکل کا نہیں معلوم، میں قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ایسی تقرری کو عوامی مباحثے کا حصہ نہیں بننا چاہیے، پچھلے چند ماہ سے ہیجانی کیفیت ہے وہ ایک دو دن میں ختم ہوجائے گی۔صحافی نے سوال کیا کہ سینئر موسٹ ہوں گے یا کسی اور کی تقرری کی جارہی ہے؟ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ مجھے تو نہیں معلوم کسی اورسے پوچھ لیں۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی چیزوں پر صدر یا وزیراعظم کو ملک و قوم کے بہتر مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں،  اس میں سیاست سے قطع نظر قانون، آئین اور وطن عزیز کے مفادات کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں