ایرانی حملےکا خدشہ،امریکہ نے اسرائیل میں اپنے ملازمین پرسفری پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن(ویب ڈیسک)‌ ایران کے حملے کے خدشے کے پیش نظرامریکا نے اپنے ملازمین پر اسرائیل میں سفری پابندیاں عائد کردیں ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ یروشلم، تل ابیب یا بیئر شیوا کے علاقوں سے باہر سفر نہ کریں۔
روس اور جرمنی نے بھی فریقین کو مشورہ دیا کہ جنگ کا دائرہ ممکنہ وسیع ہونے کی صورت میں تحمل سے کام لیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ترکیہ، چینی اور سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکا کو خطے میں کشیدگی کے بارے میں تشویش لاحق ہے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے 11 روز قبل شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے بعد ایران نے جوابی کارروائی سے خبردار کیا تھا، واقعے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 13 افراد شہید ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 11 اپریل کو امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ ایران اسرائیل پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور امریکا اپنے اتحادی اسرائیل کی سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔
ادھرمحکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے سیکورٹی الرٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ایران اسرائیل کو کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے۔میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم زمینی صورتحال سے متعلق باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، میں ان مخصوص جائزوں پر بات نہیں کروں گا جس کی وجہ سے ہم نے اپنے ملازمین اور ان کی فیملی کے سفر کو محدود کردیا ہے، لیکن واضح طور پر ہم مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر اسرائیل میں خطرے کے ماحول پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں