ایران میں اسکول کی طالبات کو زہر دینے کا معاملہ، 100 سے زائد مشتبہ ملزمان گرفتار

ایران(نیوزٹویو)ایران میں اسکول کی بچیوں کو زہر دینے کے معاملے میں حکام نے 100 سے زائد مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں اسکول کی بچیوں کو زہر دینے کے واقعات میں ملوث مشتبہ افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے بعد ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ایرانی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ان لوگوں نے اسکول بند کرانے کے مقصدسے شرارت اور مہم جوئی کرتے ہوئے خوف کی فضا قائم کرنے کیلئے اسکولوں میں بے ضرر اور بدبودار مادوں کا استعمال کیا تھا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایران میں بچیوں کو اسکول جانے سے روکنے کیلئے زہر دینے کے واقعات کا انکشاف ہوا تھا۔

ایران  میں گزشتہ سال نومبر سے اسکول کی طالبات میں زہر کی وجہ سے سانس لینے کی تکلیف کے سیکڑوں کیسز سامنے آئے جن میں کئی لڑکیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

ایرانی نائب وزیر صحت یونس پناہی نے واضح طور پر تصدیق کی تھی کہ جان بوجھ کر لڑکیوں کو زہر دیا گیا تھا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یونس پناہی نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے تھے کہ خاص طور پر لڑکیوں کے اسکول بند کردیے جائیں اس لیے طالبات کو زہر دیا گیا۔

دوسری جانب ایران میں اسکول جانے سے روکنے کیلئے نامعلوم افراد کی جانب سے اسکول کی لڑکیوں کو مبینہ طور پر زہر دیے جانے کے واقعات میں اضافے کے بعد والدین کی جانب سے شدید احتجاج شروع ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں