ایران کے حملے کی مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی،نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان

اسلام آباد(نیوزٹویو)نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ نے ایران کے حملے کی مذمت کی ہے، مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں۔
جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دشمن قوتیں بیرونی مداخلت کی کوشش کر رہی ہیں، دشمن کبھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر جگہ دشمن قوتوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دفتر خارجہ کہہ چکا ہے کہ دہشت گردی خطے کے ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔
نگراں وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی تعلقات، اعتماد اور تجارتی روابط کو نقصان پہنچاتی ہیں، ایران کے حملے میں دو بچیاں شہید ہوئیں اور تین زخمی ہیں۔
جان اچکزئی نے مزید کہا کہ ہم سیاسی کارکن ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں، پاکستان کے مستعد ادارے دہشت گردوں سے نمٹنا جانتے ہیں، مزید علیحدگی پسند جلد قومی دھارے میں آنے والے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے، ہم ان سے باہمی تعلقات پر یقین رکھتے ہیں، دہشت گردی کے بہت سے واقعات میں افغانستان کے لوگ ملوث رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں