ایس آئی ایف سی فوجی کاروبار کا پلیٹ فارم نہیں‌ہے،نگران وزیراعظم انوارالحق

کراچی (نیوزٹویو) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) میں فوج صرف کاروباری ماحول بہتربنانے کے لیے سہولت کاری کر رہی ہے یہ فوجی کاروبار کا پلیٹ فارم نہیں ہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 25بہترین کمپنیوں کو ایوراڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا، کاروباری افراد بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائیں، ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوگا تو اتنا ہی عوام کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔حکومت سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات بھی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل فوجی کاروبار کا پلیٹ فارم نہیں ہے جبکہ فوج صرف کاروباری ماحول بہتربنانے کے لیے سہولت کاری کر رہی ہےپاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے، ہم نے شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے، جبکہ خواہش ہے کہ تاجر برادری جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید کامیابیاں سمیٹے۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے اسمگنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔
نگران وزیر اعظم نے کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں اضافے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے۔خواہش ہے تاجر برادری جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹے گی، تاجر برادری اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مزید کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کےتمام ممبرز کی ہے، کاروباری اداروں کے تعاون سے اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ 2023 میں اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے اور ہم کامیابی کےتسلسل کو جاری رکھیں گے۔
شمشاد اختر نے نگران وزیر اعظم کو کراچی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں