ایشیا کپ،پاکستان نے پہلے میچ میں نیپال کو238رنز سے شکست دے دی

ملتان (نیوزٹویو) پاکستان نے ایشیا کپ  کے پہلے میچ  میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے  نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی۔افتتاحی میچ شان دار تقریب کے بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیپال کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورمقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر342 رنز بنائے ۔ کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ افتخار احمد 109 رنز بناکر ناقابل شکست رہے

 پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان ایک مرتبہ پھر کوئی خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہے وہ محض 14 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ،امام الحق اور آغا سلمان5،5 ، شاداب خان 4 رنز جبکہ محمد رضوان 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں، کاران کے سی اور سندیپ لیمیچین نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیپال نے پہاڑ جیسے بڑے ہدف کے تعاقب شاہین شاہ آفریدی کو پہلی گیند پر چوکے سے کیا لیکن مایہ ناز باؤلر نے پانچویں گیند پر کوشل بھرٹیل کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی آخری گیند پر نیپال کے کپتان روہت پاؤڈیل کو صفر پر پویلین بھیج کر دوسری کامیابی دلائی نسیم شاہ نے اننگز کے دوسرے اور اپنے پہلے اوور میں آصف شیخ کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 5 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی باؤلرز نے 14 رنز پر نیپال کی 3 وکٹیں حاصل کیں اور کرکٹ کی دنیا میں ناتجربہ کار نیپال کی ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔نیپال کے لیے عارف شیخ اور سومپ کامی نے چوتھی وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور 73 رنز تک پہنچایا۔فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 15 ویں اوور میں پاکستان کو چوتھی وکٹ دلا کر نیپال کی ایک اچھی شراکت داری کا خاتمہ کیا، عارف شیخ نے 38 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے تھے۔

حارث رؤف نے دوسرے بلے باز سومپل کامی کو بھی اپنے اگلے اوور میں نشانہ بنایا، جنہوں نے 46 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے تھے۔نیپال کی 5 وکٹیں 82 کے اسکور پر گر چکی تھیں محمد نواز نے 90 کے اسکور پر 3 رنز بنا کر کھیلنے والے دیپندرا سنگھ کی وکٹیں اڑا دیں۔قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے 22 ویں اوور میں نیپال کو ایک اور دھچکا دیا جب 13 رنز کی اننگز کھیلنے والے گلسن جھا کو فخر کے ہاتھوں کیچ کرایا، اس وقت نیپال کا اسکور 91 رنز تھا اور یہ گرنے والی ساتویں وکٹ تھی۔شاداب نے 22 ویں اوور کی پانچویں گیند پر سندیپ لیمیچین کو صفر پر آؤٹ کردیا۔شاداب خان نے اننگز کے 24 ویں اوور میں آخری دو وکٹیں حاصل کرکے نیپال کو 104 رنز پر آؤٹ کردیا۔نیپال کی پوری ٹیم 24 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

قبل ازیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کی پوری تیاری ہے ، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں واضح رہے کہ ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم 2،2 میچ کھیلے گی۔دونوں گروپس کی پہلے 2 نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ 4 کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہو گا، گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں