ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ،حوالہ ہنڈی کےکاروبارمیں ملوث8ملزمان گرفتارکرلیے

اسلام آباد(نیوزٹویو)وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث 8ملزمان کو گرفتار کرلیااوران سے کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے لاہور کارپوریٹ کرائم سرکل کی ٹیم نے گلبرگ مین مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ مارا جس کے دوران 2 کروڑ 10 لاکھ کی ملکی جبکہ 44 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کی۔ چھاپے کے دوران ٹیم نے ہیڈ کیشئر منظورکو تحویل میں لیا اور اس کی نشاندہی پر مزید ایک کروڑ 83 لاکھ پاکستانی کرنسی جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے کارپوریٹ سرکل ایبٹ آباد نے ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزیٹ سرکل ایبٹ آباد سردار اللہ بابر کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایف آئی اے خیبر پختونخوا ( کے پی ) زون کا بھی حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل کوہاٹ امجد علی کی سربراہی میں ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ملزمان سے مجموعی طور پر 46 لاکھ 35 ہزار روپے اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمد کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں