ایف بی آرکاان لینڈ ریونیو اسٹرٹیجک ریفارمز پلان سال 2021تا 2025کا آغاز

اسلام آباد(نیوزٹویو) ایف بی آر نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بدھ کے روز 20 اپریل کو اپنے ان لینڈ ریونیو اسٹرٹیجک پلان برائے سال 2021تا 2025 کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد تھے۔ اس تقریب میں عالمی مالیاتی اداروں بشمول عالمی بنک، دولت مشترکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی آفس (ایف سی ڈی او) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی سینئر قیادت بھی شریک ہو ئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ ان لینڈ ریونیواسٹرٹیجک ریفارمز پلان برائے سال 2021-25 ایف بی آر کے مستقبل کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے۔ ایف بی آر ملکی محصولات کے لئے بنیادی ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس لئے ہماری کوشش ہے کہ یہ ایک ایسا جدید اور مضبوط ادارہ بنے جو دیانتداری، کارکردگی اور مؤثر خدمات جیسے اصولوں کی روشنی میں آگے بڑھ رہا ہو۔  انہوں نے اس امر پہ زور دیا کہ اس پلان کا مقصد ان لینڈ ریونیو کو عالمی معیار کی ایک ایسی سروس بنانا ہے جو جدید تکنیکوں کی حامل ہو اور اس کا مقصد ٹیکس صارفین کی خدمت ہو۔ انہوں نے اس موقع پر تمام ترقیاتی  شراکت داروں کی ضروری معاونت کا شکریہ ادا کیا جس کے سبب یہ اہم دستاویز تیار ہوئی اور انہوں نے اس موقع پریہ یقین دلایا کہ وہ اس پلان پر عملدرآمد کے لئے مکمل تعاون کریں گے۔

 یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان لینڈ ریونیو اسٹریٹجک ریفارم پلان واضح طور پر 2021-22 سے 2024-25 تک، چار سالہ مدت کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے کا تعین کرتا ہے۔ یہ پلان چاراسٹریٹجک اصلاحاتی شعبوں میں ٹیکس کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات فراہم کرتا ہے۔ اس پلان کے تحت ملک میں ٹیکس ادائیگی کے کلچر کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ  ٹیکس انتظامیہ کو فعال بنانے، ادارے کی سطح پر صلاحیتوں میں اضافہ کرنےاور قانون سازی کے فریم ورک کو تقویت دینے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

مزید برآں، ان لینڈ ریونیو کا منصوبہ ہے کہ کمپلائنس رسک مینجمنٹ کی صلاحیت کو نافذ کرکے ملک میں ٹیکس کی کم ادائیگی کے چیلنج سے نمٹا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کے عمل میں مزید بہتری لاتے ہوئے فائلنگ، ادائیگی اور ٹیکس تعمیل کی اطلاع کو آسان بنایا جائے۔ اس منصوبے کے تحت ٹیکس ادائیگی کی قیمت میں کمی، آڈٹ کی صلاحیت میں اضافہ اور ان سارے مراحل کو آسان اورہموار بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ یہ امر واضح ہے کہ خدمات کی بہتر فراہمی اور ڈیٹا پر مرتکز حکمت عملی کے لئے خودکار عمل کا زیادہ استعمال اصلاحاتی عمل کا اہم شعبہ ہے۔موجودہ ڈیٹا ہولڈنگز سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیٹا کے مزید ذرائع تیار کرنے سے ایف بی آر کوٹیکس تعمیل کی راہ میں حائل خطرات کی بہتر شناخت میں مدد ملے گی اور ایف بی آر کے لئے یہ آسان ہوگا کہ وہ ہائی رسک ایریاز میں اپنے وسائل استعمال کرسکے۔ ان لینڈ ریونیو کی یہ کوشش بھی کررہا ہے کہ اپنی افرادی قوت کی مہارت کو بہتر بنائے اور ایک مشترکہ ٹیکس کوڈ فراہم کرکے ان لینڈ ریونیو کے طریقہ کار کوآسان اور معیاری بنا سکے۔ ان لینڈ ریونیو اسٹرٹیجک پلان کی نظرثانی سالانہ بنیادوں پرہوگی اس امر کو یقینی بنانے کے لئے کہ یہ منصوبہ پائیدار ہے اور اصلاحاتی حکمت عملی کے لئے موزوں ہے، ان لینڈ ریونیو اسٹرٹیجک پلان کا سالانہ جائزہ لیا جائے گا۔ مجوزہ اصلاحات ٹیکس نظام کی کارکردگی کی ساخت کو بہتر بنانے اور ریونیو کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں