ایم کیو ایم کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار

کراچی (نیوزٹویو) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اورکہا ہے کہ مردم شماری اورحلقہ بندیوں پرتحفظات ہیں الیکشن صرف صاف اورشفاف حلقہ بندیوں کے تحت ہی لڑیں گے کہ صاف شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے سندھ حکومت کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں ہے  جمعہ کوایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے فروغ نسیم ،ڈاکٹرفاروق ستار،مصطفے کمال اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سےخطاب  کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ کی متحد شرافت سے صرف کاغذی بدمعاش پریشان ہیں، کورنگی، اورنگی ٹاؤن میں آبادی زیادہ ہے لیکن وہاں نشستیں کم رکھی گئی ہیں، یہ ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کا مقدمہ ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ جن کو بلدیاتی انتخابات کی جلدی ہے انہیں شائد کسی بابے نے کہہ دیا تھا کہ اتنے بینرز لگائیں تو میئرآ جائے گا، یہ اپنی جلدی کے چکرمیں ہیں ان کو کچھ حاصل نہیں ہونا، ہم الیکشن سے نہیں بھاگ رہے آپ کو بھگانے کے موڈ میں ہیں، شفاف حلقہ بندیوں کے لئے آخری حد تک جائیں گے، نظرآ رہا ہے کہ حلقہ بندیاں شفاف نہیں ہیں، جب مردم شماری غلط ہوئی تو ان جماعتوں میں سے کوئی ایک عدالت نہیں گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابی مہم کے دوران بینرز پر اپنے امیر کی تصویر نہیں لگا سکتی اور کراچی کے ناظم کی تصویریں لگا رہی ہے کیونکہ اگر امیر کی تصویر ہوگی تو مسئلہ ہوگا۔

سابق وزیرقانون فروغ نسیم نے کہا کہ اگر الیکشن ہوگا تو اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی، آرڈیننس کا اختیار گورنر کے پاس ہے اور ہمیشہ رہے گا، الیکشن کمیشن نے آرڈرجاری کیا لیکن ہمیں سن تو لیتے، الیکشن کمیشن ہمیں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی سن سکتا تھا، حلقہ بندیوں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ مہاجر آبادی کے ووٹ کو تقسیم کرنےکی سازش کی گئی ہے، ہم سپریم کورٹ گئے تو کہا گیا سندھ حکومت، الیکشن کمیشن سے رجوع کریں، جہاں ایم کیو ایم کے ووٹ نہیں وہاں 30 ہزار کی یوسیز بنائی گئیں، سندھ حکومت کی بنائی گئی یوسیزکی آبادی صیح نہیں تھی، ایم کیوایم نے حلقہ بندیوں کو چیلنج کیا تھا۔

فاروق ستار نے کہا کہ حلقہ بندیوں کومنصفانہ بنانا ہوگا، سندھ حکومت نے خود حلقہ بندیوں میں اونچ نیچ کا اعتراف کیا ہے، ہماری آج کی پریس کانفرنس توہین عدالت، توہین الیکشن کمیشن نہیں، ایم کیوایم اور صوبائی حکومت کو بھی نہیں سنا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں