ای سی سی کی پی آئی اے کو بیل آؤٹ پیکیج دینے کی تجویز مسترد

اسلام آباد(نیوزٹویو)اسلام آباد میں نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)   نے پی آئی اے کو بیل آؤٹ پیکیج دینے کی تجویز مسترد کردی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ای سی سی کی جانب سے پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے،  وزارت خزانہ اور  اسٹیٹ بینک پی آئی اے کو مالی مسائل سے نمٹنے کیلئے مدد فراہم کریں گے۔


اعلامیہ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں پیٹرول پر 1 روپے 64 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 1 روپے 87 پیسے فی لیٹر ڈیلرز مارجن بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ای سی سی اجلاس میں دفاعی خدمات کے مختلف منصوبوں کیلئے 40 ارب روپے جبکہ اسپیشل سکیورٹی ڈویژن کے 2 منصوبوں کیلئے 20 ارب 60 کروڑ روپے اجرا کی منظوری دی گئی۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں ای سی سی نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے کیلئے 4 ارب 90 کروڑ روپے جبکہ سرحدوں پر باڑ کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

اعلامیہ کے مطابق انٹرنل سکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی مد میں 6 ارب 47 کروڑ روپے جبکہ جناح نیول بیس اورماڑہ کیلئے 6 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں نیول ائیر اسٹیشن تربت کیلئے بھی 1 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ رقم یکمشت کی بجائے ضرورت کے مطابق ادا کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں