بغاوت پر اکسانے کا الزام،شہباز گِل نے درخواستِ ضمانت دائر کر دی

اسلام آباد(نیوزٹویو)بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل نے سیشن کورٹ میں درخواستِ ضمانت دائر کر دی۔شہباز گِل نے وکیل فیصل چوہدری اور دیگر لیگل ٹیم کے توسط سے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ بدنیتی اور سیاسی بغض کی بنیاد پر بنایا گیا،میرے بیان کے کچھ حصے توڑ مروڑ کر ایف آئی آر میں شامل کیے گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہوں، امریکا اور یورپ کی درس گاہوں میں پڑھاتا رہا، میرے خلاف پرچے میں درج دفعات کے تحت مقدمہ نہیں بنتا۔شہباز گِل کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجھے بدنیتی کے تحت مقدمے میں پھنسایا گیا، میری درخواستِ ضمانت منظور کی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما شہباز گِل کے مزید 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں