بٹگرام،لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے آرمی کا ہیلی کاپٹر پہنچ گیا

بٹگرام (نیوزٹویو) بٹگرام کے علاقے آلائی میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، سکول جانیوالے اساتذہ اور بچے کئی گھنٹے سے لفٹ میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے آرمی کا ہیلی کاپٹر بٹگرام پہنچ گیا۔

خیبرپختونخوا کے علاقے بٹگرام کے قریب آلائی میں صبح سویرے بچوں اور سکول اساتذہ کو لے جانیوالی چیئر لفٹ کے 2 رسے ٹوٹ گئے جس کے باعث لفٹ پھنس گئی، لفٹ میں اساتذہ اور 8 بچے موجود ہیں، لفٹ سینکڑوں فٹ بلندی پر ایک جانب کو جھکی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ  بلندی پر پھنس گئی۔

کمشنر ہزارہ نے نگران حکومت سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر مانگ لیا۔

ترجمان 1122 بلال فیضی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئر لفٹ کے مقام پر پہنچنے میں 2 سے ڈھائی گھنٹے لگتے ہیں، ریسکیو ٹیمیں راستے میں ہیں، جلد سے جلد وہاں پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیحی لوگوں کو محفوظ طریقے سے نکالنا ہے، چیئر لفٹ کی دو رسیاں ٹوٹ چکی ہیں، چیئر لفٹ 1500 فٹ بلندی پر ہے، 1122 پہلے بھی اس طرح کے ریسکیو آپریشن کر چکا ہے۔

دوسری جانب آرمی ہیلی کاپٹر چیئر لفٹ میں پھنسے لوگوں کی مدد کیلئے پہنچ چکا ہے تاہم ابھی تک ریسکیو کا کام شروع نہیں کیا جاسکا۔

ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ سوائے ایئرلفٹ کے کوئی دوسرا آپشن نظر نہیں آرہا، موبائل سگنل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں