بڑے ملکوں کا کِیا دھرا پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک بھگت رہے ہیں،انتونیو گوتریس

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ روایتی ایندھن کا استعمال بڑے ملکوں نے کیا،اُن کا کیا دھرا پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک بھگت رہے ہیں۔سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر یو این سیکریٹری جنرل نے عالمی اپیل کی کہ دنیا توانائی کے متبادل ذرائع پر سرمایہ کاری کرے،یہ پاگل پن اب بند کیا جائے۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ قدرت سے جنگ ختم کی جائے۔سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے۔سیکریٹری جنرل یو این کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے،موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں