بھارتی بورڈ کو سیاست کو دور رکھنا چاہیے، نجم سیٹھی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ آزاد ہے،سیاست کو دور رکھنا چاہیے،آپ لوگوں کی سیاست اپنی جگہ لیکن ہمارے اپنےتعلقات تو ہونےچاہئیں۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے بھارتی اسپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اے سی سی کے شیڈول کااعلان کرنے سےقبل ہمیں ایک فون کرکےمشورہ کرلیتے، یکطرفہ طور پر اعلان کرنے کی ضرورت کیا تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب پوری ایشین کرکٹ کونسل موجود ہےتومشاورت ہی کرلیتے،ہم سےتو نہیں پوچھاگیا، یہ اچھی بات نہیں ہےکہ خود ہی اعلان کردیا،کسی کو پوچھا ہی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب ہےکہ اگلی مرتبہ جب میں صدر بنوں گا تو یہی راستہ اختیار کروں گا، ساری کونسل کا مؤقف جانے بغیر میں بھی گھربیٹھےاعلان کردوں تو یہ اچھی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف آپ چاہتےہیں پاکستانی ٹیم بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلے،دوسری طرف آپ کہتےہیں پاکستان آکرایشیا کپ نہیں کھیلنا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی بورڈکےسیکریٹری جےشا کوجواب دے کر غصے کا اظہار نہیں کیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ جےشا نےاس سےقبل بھی ایشیا کپ سے متعلق بیان دیا تھا، رمیز راجا نے بھی ناراضی کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونی ہےتو کیا وہ بھی نہیں کھیلیں گے، اصول کی بات تو یہ ہےکہ آپ ہمیں دعوت نہ دیں تو ہم بھی نہیں آئیں گے، آپ کو بھی دعوت نہیں دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں