بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ،2شہری شہید ایک زخمی،آئی ایس پی آر

راولپنڈی(نیوزٹویو) بھارتی فوج نےلائن آف کنٹرول پرکھیتی باڑی کرنےوالوں اورچرواہوں پربلا اشتعال فائرنگ کر کے 2 شہری شہید جبکہ 1 کو شدیدزخمی کردیا۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی مرضی کے انتخاب کے مطابق جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے آج ہفتہ کو 11 بجکر 55 منٹ پر لائن آف کنٹرول کے سیکٹر ستوال میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز نے چرواہوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، شہید ہونے والوں میں عبید قیوم اور محمد قاسم شامل ہیں، دونوں کا تعلق ضلع پونچھ کے گاؤں بارہ دری سے ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے ساتھ معمول کا غیر انسانی رویہ اپنایا گیا، بھارت منصوبے کے تحت جھوٹے، من گھڑت بیانیے کی تسکین کیلئے معصوم جانوں کے درپے ہے، پاکستان، بلااشتعال فائرنگ کے معاملے پر شدید سراپا احتجاج ہے، لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں کی جانوں کے تحفظ کو ملحوظ رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نےکہا ہے کہ پاکستان اپنی مرضی کے انتخاب کے مطابق جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارت کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کی یاد دہانی کرائی گئی ہے، کشمیریوں کی زمینوں پر کاشتکاری کا ناقابل تنسیخ حق بھی کشمیریوں کا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں