بھارت نے الیکشن کے چکرمیں کو ئی حماقت کی تومنہ توڑ جواب دینگے،وزیردفاع خواجہ آصف

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی مودی سرکار کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے بھارت الیکشن کے چکر میں ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسےخمیازہ بھگتنا پڑے۔
بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان پر اپنے رد عمل میں خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی تو کیا انجام ہوا ہم نے بھارت کا جہاز گرایا، پائلٹ کو خیرات میں واپس کیا، دوبارہ ایسی کوشش کی تو وہی جواب دیں گےجو پہلے دیا تھا۔ بھارت ہمسایہ ممالک کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے، بھارت میں اتنی جرات نہیں کہ براہ راست حملہ کرے۔
خواجہ آصف نےکہا کہ راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بھڑکیں مار رہے ہیں، الیکشن کےچکرمیں بھارت ایسی حرکت نہ کربیٹھےجس کااسےخمیازہ بھگتنا پڑے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حال ہی میں انڈین ٹی وی نیوز نیٹ ورک نیوز 18 کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اگر کسی بھی پڑوسی ملک سے کوئی دہشت گرد بھارت میں خلل ڈالنے یا یہاں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی کوشش کرے گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے، اگر وہ بھاگ کر پاکستان جائے گا تو پاکستان میں گھس کر ماریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں