بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ ریمارکس، ناظم الامور کودفتر خارجہ طلب کر لیا گیا، شدید احتجاج ریکارڈ

اسلام آباد(نیوزٹویو) بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ ریمارکس پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ ریمارکس پر سخت احتجاج کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ ریمارکس مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔اس سے ناصرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بی جے پی حکومت کے تاخیری اور غیر اخلاقی تادیبی اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے. ان اقدامات سے مسلمانوں کے درد کو کم نہیں کیا جا سکتا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ ورانہ تشدد اور نفرت میں خطرناک اضافے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بھارتی مسلمانوں کو منظم طریقے سے بدنام کیا جا رہا ہے اور انہیں پسماندہ کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے حضرت محمد ﷺ سے متعلق گستاخانہ ریمارکس پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے علاوہ ایران، سعودی عرب، ترکی، قطر اور افغانستان نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ بھارت کی حکمران جماعت نے دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آنے پر نوپور شرما کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی دل آزاری پر یقین نہیں رکھتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں