تائیوان کی وزارت دفاع کےریسرچ یونٹ کے نائب سربراہ ہوٹل میں مردہ پائے گئے

اسلام آباد(نیوزٹویو)تائیوان کی وزارت دفاع کے ریسرچ ڈویلپمنٹ یونٹ کے نائب سربراہ ہوٹل میں مردہ حالت میں پائے گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان کی وزارت دفاع کے ریسرچ ڈویلپمنٹ یونٹ کے نائب سربراہ او یونگ لی شنگ آج صبح ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے۔تائیوان کے سرکاری میڈیا کا بتانا ہے کہ ریسرچ یونٹ کے نائب سربراہ کو دل کا دورہ پڑا جس سے جانبر  نہ ہو سکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق او یونگ لی شنگ نے تائیوان کے متعدد میزائل پروجیکٹس کی نگرانی کے فرائض انجام دیے اور انتقال کے وقت وہ جنوبی کاؤنٹی پنگ ٹنگ کے دورے پر تھے۔خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے حوالے سے چین اور امریکا کے درمیان شدید تناؤ کی کیفیت ہے، چین نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو ون چائنا پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے آبنائے تائیوان میں سب سے بڑی جنگی مشقیں شروع کر رکھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں