تاجروں‌کا وزیراعظم کو عمران خان اور پڑوسی مما لک سے بات چیت کا مشورہ

کراچی (نیوزٹویو) تاجروں نے وزیراعظم شہباز شریف کو بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت بھارت اور دیگر پڑوسی ممالک سے بات چیت کرنےکا مشورہ دیا ہے ۔شہباز شریف سےبدھ کو کراچی کی تاجر برادری نے ملاقات کی اور انہیں مہنگی بجلی سمیت کاروباری مشکلات سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم نے تاجروں کو یکم مئی کو اسلام آباد بلا لیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کے کراچی میں تاجروں سے خطاب کے دوران معروف تاجر عارف حبیب نے معیشت کی بہتری اور ملکی مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم کو تجویز پیش کی کہ بجلی کی قیمت میں کمی کریں، یہ کام صرف آپ کرسکتے ہیں۔
عارف حبیب نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ نے اسٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح تک پہنچایا، آپ نے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں آپ 2 ہاتھ اور ملائیں، ایک ہاتھ اڈیالہ جیل کے باسی سے اور دوسرا ہاتھ بھارت سمیت پڑوسی ممالک سے ملائیں۔
تاجروں سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات کو چیلنج سمجھ کر مقابلہ کریں گے، ہمیں ملکی مسائل کا ادراک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھول جائیں صوبوں میں کس کی حکومت ہے، پاکستان کے بہترین مفاد میں مل کر کام کرنا ہوگا۔تاجروں کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، تہیہ کرلیں کہ آئندہ 5 برس میں برآمدات کو دگنا کریں گے۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ حکومت اسمگلنگ کی روک تھام پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔تاجر برادری کے جائز مطالبات پورے کریں گے
انہوں نے تاجروں کو بتایا کہ چینی کی برآمدات کا کہا جا رہا ہے، صرف چینی کی نہیں بلکہ کئی اشیا کی بھی اسمگلنگ ہورہی ہے، ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنے کی ضرورت ہے، اسمگلنگ کے خاتمے میں وقت لگے گا لیکن اس پر قابو پا لیں گے۔ نجکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ نجکاری کا عمل صاف و شفاف ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں